کراچی :سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواسہ رسول امام عالی مقام شہید کربلا حضرت امام حسین ؓکا باطل کے خلاف بلند کیا ہوا علم بلند حوصلہ کے ساتھ سربلند رکھیں گے ،ہر طرح کا جبر برداشت کریں گے مگر وقت کے کسی باطل کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے ۔
آصف علی زرداری نے یوم عاشور کے حوالے سے نواسہ رسول کے حضور سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام کائنات حضرت امام حسین ؓنے اپنے خاندان کی قربانی دیکر حق اور صداقت کو فتح مند کیا ۔
سابق صدر نے کہا کہ دین اسلام کو زندہ رکھنے کیلئے حضرت بی بی زینب ؓ کا عظیم اور بے مثال کردار ہمارے لیئے مشعل راہ ہے ۔ آصف زرداری نے کہا کہ شہداء کربلاکی عظیم قربانی انسانیت کو بیدارکرنے کا وسیلہ ہے ۔
سابق صدر نے کہا نواسہ رسول امام حسین ؓساری کائنات کے عظیم ہیرو ہیں ،یہ ہی وجہ ہے کہ ہر مذہب اور عقیدے والے انہیں حق اور صداقت کا علمبردار تسلیم کرتے ہیں ۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہم امام عالی مقام کے پیروکار ہونے پر فخر اور اعزاز سمجھتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ وقت کے کسی باطل کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔
مزید پڑھیں:گلگت بلتستان میں عوام کی حفاظت کیلئے کارروائیاں تیز کی جائیں۔بلاول کا مطالبہ