منڈلویونگ: ایشیائی ترقیاتی بینک نے ڈیڑھ ارب ڈالر کی رقم پاکستان کو منتقل کردی ہے جس سے ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے ڈیڑھ ارب ڈالر پاکستان کو منتقل کیے ہیں۔ اسٹیٹ بینک ذرائع نے رقم پاکستان کو منتقل کیے جانے کی تصدیق کردی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کیلئے بڑے پیکیج کا فیصلہ
پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے مابین رقم منتقلی سے قبل معاہدہ آج سے 2 روز قبل ہوا۔ رقم منتقلی کے بعد ملک کے زرِ مبادلہ ذخائر 9ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 1.5 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کا معاہدہ طے پایا۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اقتصادی بحالی میں ترقیاتی شراکت داروں، خاص طور پر اے ڈی بی کے کردار کو سراہتے ہوئے بی آر اے سی ای پروگرام کے تحت پاکستان کے لیے 1.5 بلین امریکی ڈالر کی بجٹ سپورٹ کی منظوری پر اے ڈی بی بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے گزشتہ روز سیلاب متاثرین کی مستقل بحالی پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اے ڈی بی کا 1.5 بلین ڈالر کا قرض پاکستان کی معاشی مشکلات کو کم کرنے میں مدد دے گا۔