دبئی: پاکستان نے پیر کو دبئی میں جاری انڈر 19 ایشیا کپ کے 10ویں میچ میں متحدہ عرب امارات کو 21 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ پاکستان کی ٹیم ابھی تک ناقابل شکست ہے کیونکہ اس نے اب تک کھیلے گئے تینوں میچ جیتے ہیں۔
آج کے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔ قاسم اکرم نصف سنچری کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ اوپننگ جوڑی عبدالوحید اور معاذ احمد نے بالترتیب 28 اور 15 رنز بنائے۔
وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ خان نے 39 رنز بنا کر پاکستان انڈر 19 کو متحدہ عرب امارات کے لیے 220 کا معقول ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
جواب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم پچاس اوورز کے میچ میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنا سکی۔
اس سے قبل پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ مرحلے میں ہفتے کے روز روایتی حریف بھارت کے خلاف دو وکٹوں سے فتح حاصل کرلی تھی۔
ہفتہ کو آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں کپتان قاسم اکرم نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، اور بھارتی ٹیم کو 50 اوور کے میچ میں 237 تک محدود کردیا تھا۔
مزید پڑھیں: انڈر 19 ایشیاکپ، پاکستان نے بھارت کوشکست دیدی