پاکستان کی خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو زرداری نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور صدر آصف علی زرداری کے ساتھ ایک یادگار لمحے کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا جس میں وہ گاڑی چلاتی ہوئی نظر آئیں۔
آصفہ بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ گاڑی چلاتے ہوئے دیکھی جا سکتی ہیں، ترک صدر رجب طیب اردوان اگلی نشست پر اور پاکستان کے صدر آصف علی زرداری پچھلی نشست پر موجود تھے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا:”ترک صدر کے دورۂ پاکستان کے دوران انہیں ڈرائیو کرانا ایک ناقابلِ فراموش لمحہ تھا۔ دو صدور کو مسافر کے طور پر ساتھ رکھتے ہوئے میں پوری طرح محتاط رہی، لیکن یہ ایک ایسا لمحہ ہے جسے میں کبھی نہیں بھولوں گی۔”
آصفہ بھٹو کی اس ویڈیو کو انٹرنیٹ پر زبردست پذیرائی ملی، اور سوشل میڈیا صارفین نے اسے “خواتین کی خودمختاری کی علامت” قرار دیا۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا:”دو صدور آپ کے محفوظ ہاتھوں میں! ماشاءاللہ! یہ صرف ایک آغاز ہے، انشاءاللہ! دعا ہے کہ آپ ہماری قوم کے مستقبل کی رہنمائی کریں۔ آمین!”
ایک اور صارف نے لکھا:”پاکستان کی خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو زرداری ترک صدر اردوان کو ڈرائیو کر رہی ہیں— خواتین کی خودمختاری کا ایک طاقتور پیغام!”
ایک اور تبصرہ تھا:”بینظیر بھٹو اور مردِ حُر کی فخر بیٹی! یہ واقعی ایک مضبوط پیغام ہے کہ پاکستان خواتین کو بااختیار بنانے میں سنجیدہ ہے۔”
ایک صارف نے مزید لکھا:”یہ واقعی زبردست اور حوصلہ افزا ہے! میری بہن بھی اپنی گاڑی چلاتی ہے، اور ایسی مثالوں سے مزید خواتین کو یہ بنیادی حقوق حاصل کرنے کی ترغیب ملے گی۔ خواتین قیادت کو آج سفارت کاری اور طاقت کا بہترین مظاہرہ کرنے پر سلام!”