کراچی: وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ رواں برس اگست سے گرین لائن میٹرو بس سڑکوں پر دوڑنے لگے گی جبکہ اسی برس سرکلر ریلوے کی بحالی بھی مکمل ہوجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے کہا کہ رواں سال کراچی میں گرین لائن بس سروس اگست سے شروع ہوجائے گی۔ محمود آباد، گجر نالہ اور اورنگی نالہ کی صفائی کا کام جولائی میں مکمل ہوگا۔
شہرِ قائد میں ہفتے کے روز فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ کراچی پورٹ سے پپری تک کنٹینرز کیلئے الگ ریلوے لائن ڈالی جائے گی۔
وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی بھی اسی برس بولی لگائی جائے گی جس کیلئے صنعتکاروں کو سامنے آ کر حصہ ڈالنا ہوگا۔ کے فور پہلے سندھ حکومت کے پاس تھا جس پر واپڈا کام کر رہا ہے۔
وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں 10 سے 11 سال بعد 6 ماہ میں ماہانہ 2 ارب ڈالر کی برآمدات کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ برس 900 میگا واٹ اضافی دینے کا اعلان کیا تھا، رواں برس 1 ہزار میگا واٹ اضافی بجلی کے الیکٹرک کو دی جائے گی۔
اسد عمر نے کہا کہ سسٹم کو 5 ہزار میگا واٹ تک لے کر جائیں گے۔ ہر صنعت میں ترقی ہورہی ہے۔ گزشتہ ماہ صنعتوں میں بجلی کی کھپت 15فیصد زیادہ رہی جس کا مطلب یہ ہے کہ صنعتیں کام کر رہی ہیں۔ بھارت سے تجارت نہ کرنے کا حکومتی فیصلہ اخلاقی تھا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو جیل بنا دیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے بھارت کی جگہ کسی اور ملک سے اشیاء منگوانے کی ہدایت کی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں اجناس کی قیمتیں برھ رہی ہیں، اس لیے پاکستان میں بھی مہنگائی میں اضافہ ہوا۔
سابقہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اسحاق ڈار کی روپے کو روک کر رکھنے کی پالیسی مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی نے جاری رکھی۔ ہم روپے کی قدر ڈالر پھینک پھینک کر مستحکم نہیں رکھ سکتے۔ آج ڈالر 164سے کم ہو کر 152روپے پر آگیا ہے۔
تحریکِ انصاف کی معاشی پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیرِ منصوبہ بندی نے کہا کہ کورونا روکنے کیلئے بروقت اقدامات کرنا ہون گے۔ مارکیٹس 2 دن بند ہونی چاہئیں۔ سندھ حکومت کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔ ماسک پہن کر کورونا کا پھیلاؤ 90فیصد تک روکا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی، نارتھ ناظم آباد میں دودھ 94روپے فی لٹرہوگیا