اسلام آباد: معروف ٹی وی میزبان و سینئر صحافی ارشد شریف کی میت پاکستان پہنچ گئی جبکہ جسدِ خاکی کا پوسٹ مارٹم دوبارہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ارشد شریف کی میت لانے والا طیارہ گزشتہ شب اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچا۔ میت نجی ہسپتال کے سرد خانے میں منتقل کردی گئی۔ ارشد شریف کے لواحقین ائیرپورٹ اور نجی ہسپتال میں بھی موجود رہے۔
گزشتہ روز ارشد شریف کا جسدِ خاکی لانے والے طیارے کی پرواز نمبر کیو آر 1342 نیروبی سے 3 بج کر 14 منٹ پر روانہ ہوئی تھی۔ ارشد شریف کی نمازِ جنازہ جمعرات کو دن 2 بجے شاہ فیصل مسجد میں ادا ہوگی۔
سینئر صحافی ارشد شریف کی تدفین ایچ 11 قبرستان میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔میت رات 1 بجے اسلام آباد ائیرپورٹ پر پہنچی تھی۔ ارشد شریف کو کینیا میں نیروبی کی مگاڈی ہائی وے پر فائرنگ سے شہید کیا گیا تھا۔
دوسری جانب سینئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کا پاکستان میں بھی پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ وفاقی پولیس اور اسلام آباد انتظامیہ پمز ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کرائے گی۔
پوسٹ مارٹم کیلئے ڈاکٹروں کی 3 رکنی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ ارشد شریف کی والدہ نے مطالبہ کیا تھا کہ پمز ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے دوران سینئر سرجن کی موجودگی بھی ضروری ہے۔
ارشد شریف کی میت آج صبح پوسٹ مارٹم کیلئے پمز ہسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ حکومت ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی ٹیم بھی تشکیل دے چکی ہے جو فوری طور پر کینیا روانہ ہوگی۔