اسلام آباد: ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے معروف ایتھلیٹ ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے ہیں جن کا شاندار استقبال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وطن واپس پہنچنے پر اولمپین ارشد ندیم کا شاندار استقبال کیا گیا اور گلاب کے پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم نے اچھی کرکٹ کھیل کر وطن کا نام روشن کردیا۔میرا
ٹوکیو اولمپکس کے جیولین تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ ائیرپورٹ پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ جن لوگوں نے دعائیں کیں، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
گفتگو کے دوران ارشد ندیم نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان کیلئے جیولین تھرو کے مقابلے میں اولمپکس کا گولڈ میڈل لانے کی پوری کوشش کروں گا۔ موجودہ اولمپکس میں بھی میڈل لانے اور اچھا رزلٹ دینے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم سے محبت کا اظہار کریں اور عزت دیں، وسیم اکرم
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان کے سیاسی رہنماؤں نے ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ پر فخر ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم پاکستان کیلئے فائنل کھیلے، ہمیں آپ پر فخر ہے۔ آپ نے خوب محنت کی۔ ان شاء للہ اگلی بار آپ میڈل ٹیبل پر نظر آئیں گے۔
مزید پڑھیں: ہمیں آپ پر فخر ہے۔ سیاسی رہنماؤں کا ارشد ندیم کو خراج تحسین
قبل ازیں ٹوکیو اولمپکس کے دوران جیولن تھرو کے مقابلوں میں ارشد ندیم ہار گئے، ارشد ندیم پاکستان کیلئے واحد امید ثابت ہوئے جو 29 سال بعد اولمپکس مقابلوں میں ملک کیلئے میڈل جیت لاتے، تاہم ہارنے کے باوجود وہ عوام کے دل جیتنے میں کامیاب رہے۔
اولمپکس کے جیولین تھرو کے فائنل مقابلے کے پہلے راؤنڈ میں 12 ایتھلیٹس نے جگہ بنائی جبکہ دوسرے راؤنڈ میں ٹاپ 8 نے اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کی۔ پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم پہلے راؤنڈ میں 84.62 اسکور کے ساتھ چوتھے نمبر پر آئے۔
مزید پڑھیں: ارشد ندیم کی ہار، پاکستان کا اولمپکس میں میڈل جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا