کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ صوبائی اسمبلی ارسلان تاج گھمن نے سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروس کا بل سندھ اسمبلی میں جمع کرادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رکنِ سندھ اسمبلی ارسلان تاج گھمن نے ایمرجنسی ریسکیو سروس کیلئے مجوزہ بل کا مسودہ جمع کروا دیا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارسلان تاج نے کہا کہ سندھ حکومت کی طرف سے ریسکیو سروس کا کوئی نظام موجود نہیں جو صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
گفتگو کے دوران رکنِ اسمبلی ارسلان تاج گھمن نے کہا کہ عوام کو ریسکیو سروس کی مفت فراہمی سندھ حکومت کا فرض ہے، کسی بھی حادثے کی صورت میں این جی اوز یا قانون نافذ کرنے والے ادارے سامنے آتے ہیں جبکہ ریسکیو ایمرجنسی سروس سندھ حکومت کو چلانی چاہئے۔
رکنِ سندھ اسمبلی ارسلان تاج نے کہا کہ یہ این جی اوز کی ذمہ داری نہیں کہ وہ ریسکیو سروس چلائیں، کراچی میں سالانہ ہزاروں حادثے ہوتے ہیں، خیبر پختونخوا اور پنجاب کی طرز پر ریسکیو 1122 قائم ہونا چاہئے۔ 13 ال سے پیپلز پارٹی سندھ حکومت میں ہے لیکن ایسا کوئی ادارہ قائم نہ کیا جاسکا۔
پی ٹی آئی رہنما ارسلان تاج نے کہا کہ سندھ حکومت کی ترجیحات بدعنوانی کا بازار گرم کرنا ہے۔ عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے لوٹ مار جاری ہے۔ میری اسپیکر سندھ اسمبلی سے درخواست ہے کہ یہ انتہائی اہم نوعیت کا پرائیویٹ بل ہے جو عوام کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ اِسے منظور کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: نااہل نثار کھوڑو سرکاری مراعات حاصل کررہے ہیں، ارسلان تاج