راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے پشاورکورکمانڈر سے متعلق سینیئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات کو انتہائی نامناسب قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاورکور پاکستان آرمی کی ایک ممتاز فارمیشن ہے، اس اہم کورکی قیادت ہمیشہ بہترین پروفیشنل ہاتھوں میں سونپی گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ پشاورکورکمانڈر سے متعلق اہم اور سینیئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں، سینیئرقومی سیاسی قیادت سے توقع ہے کہ وہ ادارے کے خلاف متنازع بیانات سے اجتناب کرے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاورکور دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے، افواج کے سپاہی اورافسران وطن کی خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت جان ہتھیلی پر رکھ کر کررہے ہیں، ایسے بیانات سپاہ اور قیادت کے مورال اور وقار پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کا طریقہ کار آئین میں وضع کیا گیا ہے، پاکستان کے قانون کے مطابق فوج کو سیاست سے دور رہنے کا حکم ہے، ہم بطور ادارہ کافی عرصے سے برداشت اور تحمل کامظاہرہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بطور ملک ہمارے سیکیورٹی چیلنجز بہت زیادہ ہیں، افواج مشرقی، مغربی سرحد، شمال میں اندرونی سیکیورٹی کی اہم ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں، ہماری تمام لیڈر شپ کی توجہ ان ذمہ داریوں اور ملک کی حفاظت پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق قرارداد منظور کرلی گئی