لاہور: ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورہ چین بہت اہمیت کا حامل تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے نجی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف کا چین کا دورہ بہت اہم تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پہلے آرمی چیف تھے جو چینی صدر شی جن پنگ سے ملے، پاکستان کے چین کے ساتھ اسٹرٹیجک تعلقات ہیں، چین نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا، اس دورے کا مقصد تعلقات کو مضبوط بنانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ہمیشہ ڈیفنس بجٹ پر بحث شروع ہو جاتی ہے، بجٹ میں محدود وسائل کو مدنظر رکھا جاتا ہے، محدود وسائل کے اندر رہ کر تمام ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں، بھارت نے ہمیشہ دفاعی بجٹ کو بڑھایا۔ 2020ء سے پاکستانی افواج نے اپنے بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔
پچھلے سال کورونا کی مد میں جو رقم ملی اس میں سے 6 ارب واپس کیا تھا،مہنگائی کے تناسب سے کم ہوا ہے، دفاعی بجٹ جی ڈی پی پرسنٹ ایج میں نیچے جارہا ہے۔ سپہ سالار نے ہدایت دی ہے مشقوں کو بڑے پیمانوں کے بجائے چھوٹے پیمانے پر کر لیا جائے، چھوٹی مشقوں سے بچت ہو گی۔
مزید پڑھیں:آرمی چیف کا دورۂ چین، پاک چین افواج کا دو طرفہ تعاون فروغ دینے پر اتفاق