آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ خطے میں طاقت کے توازن کومستحکم کر رہی ہے، فضائیہ کی جدید ٹیکنالوجی کے حصول کی جدوجہد قابل تقلید ہے، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کی آپریشنل بیس پر انڈکشن اینڈ آپریشنلائزیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بیس آمد پر آرمی چیف کا استقبال کیا۔
تقریب میں پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل کردہ نئے ویپن سسٹمز اور دفاعی اثاثہ جات نمائش کے لیے پیش کیے گئے۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیرکی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے دفاعی اثاثوں میں نئے شامل کردہ جے-10 سی لڑاکا طیاروں، ’سی-130 ایچ‘، ایئر بس-319، بوئینگ 737، پائپر ایم-600 اور بی کے اے-350 آئی ایئر موبیلٹی پلیٹ فارمز سمیت جدید ترین ہتھیاروں کا ایک جائزہ پیش کیا۔
ایئر چیف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ میں جدید ترین ریڈارز، بغیر پائلٹ کے فضائی نظام بشمول بیرکتر اکنچی، ٹی بی 2 اور شاہپر-2 کے ساتھ ساتھ سوارم ڈرونز، لوئٹرنگ میونیشن صلاحیتوں سمیت لانگ رینج ویکٹرز کی شمولیت نے ملک کی فضائی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جے-31 اسٹیلتھ فائٹر طیارے کے حصول کے لیے بنیاد رکھ دی گئی ہے جوکہ مستقبل قریب میں پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے کا حصہ بننے جا رہا ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی متحرک قیادت کو سراہتے ہوئے جدید ترین ویپن سسٹمز کی شمولیت پر پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔
خود انحصاری اور انسانی وسائل کی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ نے تکنیکی ترقی اور آپریشنل مہارت کے حصول پر پاک فضائیہ کی لگن کی بھرپور تائید کی اور اس امر کی یقین دہانی کروائی کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
تقریب کے آخر میں پاک فضائیہ کے مختلف لڑاکا اور تربیتی طیاروں بشمول یو اے ویز نے ایک شاندار ایئر شو پیش کرتے ہوئے حاضرین کے دل موہ لئے۔