بوڈاپیسٹ: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہنگری کے وزیرِ خارجہ سے ملاقات کی ہے۔ دورۂ ہنگری کے موقعے پر پاکستانی طلبہ کی اسکالرشپس میں اضافہ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز ہنگری کے وزیرِ خارجہ پیٹر زجارتو سے ہنگری کے دارالحکومت بوڈا پیسٹ میں ملاقات کی۔ وزیرِ خارجہ نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر اظہارِ افسوس کیا۔
وزیر اعظم کی دوست ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں، دوطرفہ تعاون پر اتفاق
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دوست ملک ہنگری کے وزیر خارجہ کی جانب سے نیک جذبات کے اظہار اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ہنگری کی جانب سے زراعت، تجارت اور آبی وسائل کی مینجمنٹ ٹیکنالوجی میں تعاون کی پیشکش بھی سامنے آئی۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہنگری کے تعاون سے پاکستان کو ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ آرمی چیف نے ہنگری کے کمانڈر ڈیفنس فورسز سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور زیرِ غور آئے۔
خیال رہے کہ وسطی یورپ میں واقع ہنگری آسٹریا، سلواکیہ، رومانیہ اور سلوانیہ جیسے ممالک کا پڑوسی ہے جو 1000 سال سے زائد عرصے تک یورپ کا مرکز رہا۔ گزشتہ برس ہنگری کے وزیرِ خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔