راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے انتخابات کے کامیاب انعقاد پر نگران حکومت، الیکشن کمیشن آف پاکستان، سیاسی جماعتوں اور قوم کو مبارکباد دی ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے انتخابات کے کامیاب انعقاد پر حکومت، سیاسی جماعتوں اور قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے حقِ رائے دہی کیلئے آزادانہ شرکت جمہوریت کیلئے عوامی عزم کا ثبوت ہے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ مشکلات کے باوجود محفوظ انتخابی ماحول پر قانون نافذ کرنے والے ادارے تعریف کے مستحق ہیں۔میڈیا، سول انتظامیہ اور عدلیہ کے تعمیری کردار سے قومی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی مشق کامیاب رہی۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ جمہوریت اور انتخابات عوامی خدمت کا ذریعہ ہیں، انتخابات جیت ہار کا مقابلہ نہیں بلکہ عوامی مینڈیٹ کے تعین کی مشق ہوتے ہیں۔ جمہوریت کی نمائندہ حکومت متنوع سیاست کو بہتر انداز سے پیش کرسکے گی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ملک کے عوام نے قومی آئین پر مشترکہ طور پر اعتماد کا اظہار کیا۔ سیاسی جماعتیں قوم کے اعتماد کا جواب سیاسی پختگی اور اتحاد سے دیں۔ 25کروڑ کی آبادی رکھنے والے ملک کیلئے انتشار موزوں رجحان نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ الیکشن ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کا باعث بنیں۔ آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے قوم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ الیکشن 2024 پاکستان کیلئے امن اور خوشحالی کا باعث بنے۔