راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم سیلاب متاثرین کیلئے بنے بنائے گھروں کا گاؤں بنائیں گے۔ عالمی برادری سیلاب زدگان کیلئے امداد دے رہی ہے لیکن پاکستان کو صرف دیگر ممالک پر انحصار نہیں کرنا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 1400 کے قریب پہنچ گئی جبکہ 13 ہزار کے لگ بھگ شہری زخمی ہوئے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم سیلاب متاثرین کو بنے بنائے گھر دیں گے جس کا ایک گاؤں آباد کیا جائے گا۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل دورے کے بعد پاکستان سے روانہ
بیان میں آرمی چیف نے کہا کہ پری فیب ولیج آئندہ چند دن میں بن جائے گا اور ہم 50 سے 100 گھروں کا ولیج بنائیں گے جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھوٹ پڑنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ ملک بھر میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا، متاثرین کی بحالی میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سندھ میں سیلاب زدہ علاقوں کی صورتحال پر گفتگو کے دوران کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں عالمی برادری ہماری مدد کررہی ہے لیکن ہمیں صرف ان پر انحصار نہیں کرنا چاہئے۔ حمل جھیل اور منچھر جھیل مل چکے ہیں۔ خیر پور اور سکھر میں ڈی واٹرنگ کرنی پڑے گی۔