راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو کسی صور ت تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہر قیمت پر اپنا کردارادا کرتے رہیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرو ل کا دورہ کیا، دورہ کے دوران آرمی چیف کوایل اوسی کی صورت حال اور بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پربریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے سربراہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھارت کی جانب سے تسلسل کے ساتھ سیز فائر کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ چیف آف آرمی اسٹاف کو بتایا گیا کہ بھارتی افواج کی جانب سے جان بوجھ کر سویلین آبادی کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلسل محصور رہ کر بھارتی مظالم کا دلیری سے سامنا کررہے ہیں،ہم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ہرقیمت پراپنا بامقصد کردار ادا کرتے رہیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف نے دورے کے دوران جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو بھی سراہا۔
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث وادی میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، وادی میں بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے۔
مقبوضہ وادی میں ٹیلیفون سروس اور انٹرنیٹ بند ہے جبکہ گزشتہ روز عارضی طور پر موبائل فون سروس کچھ علاقوں میں بحال کی گئی تھی۔