اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش ہوں گے اور کل ہی وفاقی کابینہ سے منظور شدہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائیگا۔
تحریک انصاف کے رہنما ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ سروسز چیفس کی مدت ملازمت میں توسیع کا ایکٹ کل دونوں ایوانوں سے منظور کرانے کی تیاری مکمل ہے انہوں نے دعویٰ کیا کہ نمازِ جمعہ سے پہلے آرمی ایکٹ قومی اسمبلی میں پیش اور منظور ہوگا، جمعہ کے بعد سینٹ اجلاس میں آرمی ایکٹ پیش اور منظور ہوگا۔
خیال کیا جارہا ہے کہ حکومت یہ بل قومی اسمبلی سے باآسانی منظور کرانے میں کامیاب ہوجائے گی کیوں کہ سب سے بڑی اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترامیم کی غیر مشروط حمایت کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع، حکومت کی سپریم کورٹ سے حکمِ امتناع کی درخواست