کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں مسلح ڈاکوؤں نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کاشف کے گھر کا صفایا کردیا۔
گلستانِ جوہر میں سندھ بلوچ سوسائٹی میں واقع ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کے گھر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق واردات میں چار سے پانچ مسلح ڈاکو شامل تھے جنہوں نے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر گھر کا صفایا کر دیا۔
پولیس کے بیان کے مطابق ڈاکو اسلحے کے زور پر گھر میں داخل ہوئے، ڈی ایس پی کاشف کے اہل خانہ کو ایک کمرے میں بند کر کے نقدی، چار سے پانچ تولہ سونا اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے موقع واردات سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق واردات باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔