بالی ووڈ اداکارہ تمنا بھاٹیہ اور وجے ورما کو حال ہی میں ان کی علیحدگی کی خبروں کے باوجود ممبئی میں روینا ٹنڈن کے گھر ہولی کے جشن میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔
اس موقع پر دونوں کی موجودگی نے مداحوں کو ان کے رشتے کی موجودہ صورتحال کے بارے میں مزید تجسس میں مبتلا کر دیا ہے۔
تمنا بھاٹیہ اور وجے ورما علیحدہ علیحدہ روینا اور انیل تھڈانی کی رہائش گاہ پہنچے جہاں ہولی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔
تمنا بھاٹیہ سفید کراپ ٹاپ، اوور سائز میچنگ شرٹ اور اولیو گرین ٹراؤزر میں نہایت اسٹائلش نظر آئیں جبکہ انہوں نے اپنے لک کو ڈارک سن گلاسز سے مکمل کیا۔
وجے ورما تقریب میں پنک ٹی شرٹ اور بیگی ڈینم جینز میں نظر آئے۔ وہ خوشگوار موڈ میں تھے اور اندر جانے سے قبل فوٹو گرافرز کو “ہیپی ہولی” کہتے ہوئے مبارکباد دی۔
گزشتہ ہفتے ان دونوں کے تعلقات ختم ہونے کی افواہیں گردش کر رہی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ دو سال سے زائد عرصے تک ایک ساتھ رہنے کے بعد دونوں نے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
ہولی کے موقع پر روینا ٹنڈن کی بیٹی راشا تھڈانی کے ساتھ ان کی موجودگی نے ایک بار پھر قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اگرچہ دونوں نے علیحدگی اختیار کر لی ہے لیکن وہ اب بھی ایک دوسرے کے لیے احترام رکھتے ہیں اور اچھے دوست ہیں۔
تمنا بھاٹیہ اور وجے ورما کے تعلقات کی خبریں پہلی بار دسمبر 2022 میں اس وقت سامنے آئیں جب دونوں کو ایک دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ وجے ورما اور تمنا بھاٹیہ نے شادی کے دباؤ کی وجہ سے اپنے تعلقات ختم کر دیے ہیں۔
35 سالہ تمنا بھاٹیہ اور 38 سالہ وجے ورما مبینہ طور پر اس سال شادی کرنے والے تھے تاہم اطلاعات کے مطابق شادی کیلئے بڑھتے ہوئے دباؤ کی وجہ سے ان کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے جو آخر کار علیحدگی کی وجہ بنے۔