پاکستانی اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید تاریخی مسجد وزیر خان میں رقص کی ویڈیو وائرل ہونے پر وضاحت کرچکے ہیں تاہم اسے ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے پاکستانی شہری نے مقدمہ قائم کرنے کیلئے درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی فلم انڈسٹری کی اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید نے متنازعہ ویڈیو کے تناظر میں اپنے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ہم نے نکاح ی تقریب کیلئے مناظر کو مسجد میں فلمایا جس کے پس منظر میں موسیقی کو شامل نہیں کیا گیا۔
https://twitter.com/s_qamarzaman/status/1292103853614288897
دونوں اداکاروں نے عوام کا دل دکھانے پر معذرت بھی کی تاہم حسن نامی پاکستانی شہری نے لاہور کے تھانہ اقبال ٹاؤن میں صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف درخواست دے دی جس میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو گانا مسجد وزیر خان میں شوٹ کروایا گیا۔ فنکاروں نے رقص کرکے مسجد کا تقدس پامال کیا جس پر وہ سزا کے مستحق ہیں۔
حسن نامی شہری کا مقدمہ دائر کرنے کیلئے دی گئی درخواست میں کہنا ہے کہ مسجد انتظامیہ کی آنکھوں کے سامنے ویڈیو گانے کی ریکارڈنگ کی گئی، اس لیے صبا قمر کے ساتھ ساتھ تمام ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی شہری مسجد کا تقدس پامال نہ کرے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کو ناچ گانے کیلئے استعمال کرنا قیامت کی نشانی ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر علی محمد خان نے کہا کہ مسجد اللہ کا گھر ہے اور عبادت کیلئے ہے نہ کہ ناچ گانے کیلئے، اگر یہ قیامت کی نشانی نہیں تو اور کیا ہے؟
مزید پڑھیں: مسجد کا ناچ گانے کیلئے استعمال قیامت کی نشانی ہے۔علی محمد خان