اسلام آباد: افغان کانفرنس میں شرکت کے لیے اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس پاکستان کا 4 روزہ دورہ کریں گے جو 16 سے 19 فروری تک ہوگا۔
4 روزہ دورۂ پاکستان کے دوران سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے جس کے دوران اہم بین الاقوامی امور پر گفتگو متوقع ہے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل 40 سال سے پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین پر عالمی کانفرنس کی سربراہی کے لیے پاکستان آئیں گے، ان کا دورہ قیامِ امن کی عالمی کوششوں کا حصہ ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اقوامِ متحدہ کے اعلیٰ عہدیدار کی زیر صدارت افغان کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد قیامِ امن کے لیے سفارتی محاذ پر پاکستانی کاوشوں کا اعتراف قرار دیا جاسکتا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کے دوران وزیر اعظم اور صدرِ مملکت مسئلۂ کشمیر کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے حوالے سے گفتگو کریں گے۔
افغان کانفرنس کے دوران سیکریٹری جنرل انتوینو گوتریس خطاب بھی کریں گے۔ ان کا خطاب امن و ترقی اور ماحولیاتی تغیرات جیسے اہم موضوعات پر متوقع ہے۔ انتونیو گوتریس اسلام آباد کے ساتھ ساتھ لاہور بھی جائیں گے۔
لاہور میں جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس کرتار پور راہداری کا دورہ کریں گے جہاں سکھ برادری ان کا استقبال کرے گی اور انہیں سکھوں کی مذہبی رسوم سے آگاہ کیا جائے گا۔