اسلام آباد: پاکستان کے 74 اضلاع میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگئی ہے جس میں 25 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
وزارتِ صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ساتویں قومی مردم شماری کی سرگرمیوں کی وجہ سے پانچ روزہ پولیو مہم دو مرحلوں میں منعقد کی جا رہی ہے۔
مہم کے پہلے مرحلے میں 13 سے 17 مارچ کے دوران پنجاب کے 13 اضلاع ، سندھ کے 16 اضلاع اور اسلام آباد میں 5 سال سے کم عمر کے 17.41 ملین سے زائد بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے، دوسرا مرحلہ 3 سے 7 اپریل تک ہوگا۔
چقندر کا جوس پینے سے چہرے سے جھریاں ختم کی جاسکتی ہیں۔ماہرین
انہوں نے کہا کہ رمضان کے دوسرے ہفتے میں بلوچستان کے 12 اضلاع اور خیبر پختونخوا کے 26 اضلاع بشمول صوبے کے جنوبی سات اضلاع میں 4.12 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
عبدالقادر پٹیل نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کوپولیو ویکسین دیں تاکہ وہ پولیو وائرس سے محفوظ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحول میں پولیو وائرس کی موجودگی سے پتہ چلتا ہے کہ یہ وائرس ہماری کمیونٹیز میں گردش کر رہا ہے اور ہمارے بچوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ رمضان اور عید قریب آنے کے ساتھ آبادی کی نقل و حرکت وائرس مزید پھیلنے کا خطرہ بڑھا سکتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ والدین اپنے بچوں کو نہ صرف اس مہم میں بلکہ ہر مہم میں انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔