میمن گوٹھ میں ٹرالر نے کار کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں کار سوار نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔
کراچی میں ہیوی گاڑیوں سے حادثات کے واقعات تھم نہ سکے، میمن گوٹھ میں ٹرالر نے کار کو کچل دیا، جس سے کار میں سوار نوجوان کو شدید زخمی ہوگیا۔
نوجوان کو زخمی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ، جہاں نوجوان کی شناخت امیر علی میمن کے نام سے ہوئی۔ ٹرالر کے ایک گاڑی کو کچلنے پر اہل علاقہ مشتعل ہوگئے اور سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج شروع کردیا۔
اس موقع پر علاقائی ایم پی ایے ساجد جوکھیو بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے اور شہریوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔ پولیس نے موقع سے ٹرالر کو تحویل میں لے لیا اور مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد میں بس نے 2 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا تھا، بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
ورثا کا کہنا تھا کہ عثمان، عاطف مدرسے کے طالب علم ہیں اور اجتماع میں شرکت کے لیے جارہے تھے، دونوں چچازاد بھائی اور نصرت بھٹو کالونی کے رہائشی تھے تاہم حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ یکم جنوری سے اب تک سال رواں میں کراچی میں قاتلوں کی طرح دندناتے ڈمپروں، ٹینکروں، ٹرکوں اور بسوں نے 107 شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے، جب کہ درجنوں زخمی اور کئی زندگی بھر کے لیے معذور ہو چکے ہیں۔