لاہور:فخر پاکستان، ورلڈ کپ میں مخالف ٹیموں کی نیندیں اڑا دینے والے جارحانہ بلے باز محمد رضوان کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا ہے، گزشتہ برس انہوں نے 29میچز میں 1326 رنز بنائے تھے۔
اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ اس اعزاز کا کریڈٹ ساتھی کرکٹرز اورٹیم مینجمنٹ کو جاتا ہے، دنیا کی بہترین ٹیموں میں پاکستان کا نام آنا خوشی کی بات ہے۔
واضح رہے کہ محمد رضوان نے گزشتہ سال متعدد ریکارڈ اپنے نام کئے تھے، انہوں نے بطور وکٹ کیپر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے مخالف ٹیموں کے 24 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، مختصر فارمیٹ کے میچوں میں مجموعی طور پر 2 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا،رواں سال 42 چھکوں اور 119 چوکوں کی مدد سے کیوی بیٹر مارٹن گپٹل کو پیچھے چھوڑ دیا۔
کرکٹ کے عالمی ادارے نے ویمن ایسوسی ایٹ کرکٹرآف دی ایئر کا مستحق آسٹریا کی آندرے مائی زپیدہ کو ٹھہرایا، انہیں یہ اعزاز کھیل کے دوران بھرپور جذبے اور مستقل مزاجی کے سبب دیا گیا۔
مزید پڑھیں: ورلڈ کپ کا بہترین لمحہ کون سا تھا؟ شاہین آفریدی نے بتادیا