راولپنڈی: ضلعی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے متاثرہ 10 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
راولپنڈی میں کورونا وباء خطرناک صورت اختیار کرگیا۔ ضلعی حکومت کے ترجمان کے کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 308 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان ضلعی حکومت کے مطابق راولپنڈی میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 975 ہو گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والے 975 افراد میں 752 افراد کا تعلق راولپنڈی سے جبکہ 223 کا تعلق دیگر اضلاع سے تھا۔
کورونا وباء کے باعث اب تک 18 ہزار 701 افراد زیر علاج جبکہ 15 ہزار 683 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کےدوران 146 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو روانہ ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کے 5 ہزار 234 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 83 مزید شہری جاں بحق ہوئے تھے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 6 لاکھ 78 ہزار 165 افراد کورونا سے متاثر ہوئے جبکہ 14 ہزار 613 افراد وائرس میں مبتلا ہو کر انتقال کر گئے ہیں جبکہ 3 ہزار 384 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔