کراچی: محکمہ محنت سندھ نے این اے 249 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے موقع پر حلقہ میں 29 اپریل کو تمام مزدوروں کی چھٹی کا اعلان کردیا۔
محکمہ محنت سندھ کا کہنا ہے کہ ملازمین انتخابات میں اپنا حق رائے آزادی اور پرسکون ماحول میں استعمال کرسکیں،اس غرض سے حلقہ کے مزدوروں کی چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے۔چھٹی کے دوران تمام فیکٹری مالکان کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ حلقہ کے مزدوروں کی چھٹی پر ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لے سکتا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما فیصل واؤڈا کے استعفیٰ سے خالی ہونے والی نشست این اے 249 کا ضمنی انتخاب جمعرات 29اپریل کو ہوگا، جس کے لیے 30 امیدوار میدان میں ہیں۔
ان میں سے 12 کا تعلق مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے ہے اور 18 امیدوار آزاد حیثیت میں بیلٹ پیپر پر موجود ہیں۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
276 پولنگ اسٹیشنز میں مجموعی طور پر 2100 سے زائد افراد پر مشتمل انتخابی عملہ ہوگا، ان پولنگ اسٹیشنز میں مجموعی طور پر 796 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ سیکورٹی پلان کے تحت اور پولیس اور رینجرز کے 3 ہزار سے زائد اہلکار حلقے میں ڈیوٹی انجام دیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 39 ہزار 591 ہے جن میں مرد ووٹرز 2 لاکھ 1 ہزار 656 اور 1 لاکھ 37 ہزار 935 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
276 پولنگ اسٹیشنز میں سے 184 انتہائی حساس اور 92 کو حساس قرار دیا گیا ہے، ایک بھی پولنگ اسٹیشن نارمل نہیں ہے۔ حساس پولنگ اسٹیشن پر 6 اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ہر پولنگ اسٹیشن پر رینجرز کے بھی 3 سے 4 جوان موجود ہونگے، پولیس اور رینجرز کی پیٹرولنگ اس کے علاوہ ہوگی، پولنگ کے دن حلقے میں 2 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں اور ایک ہزار کے لگ بھگ رینجرز کے جوانوں کی ڈیوٹی ہوگی۔