گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے طلبا میں غذائیت کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے چائلڈ کیئر نیوٹریشن پلان کا اعلان کردیا، ابتدائی مرحلے میں کراچی کے سو اسکولوں کے بچوں کو روزانہ مفت ناشتہ کروایا جائے گا۔
وفاقی حکومت اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے فری بریک فاسٹ انیشیٹیو کا آغاز کردیا۔
اس حوالے سے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ آئی ٹی کورس کی طرح دوسرے پروگرام بھی جاری رکھیں گے، معاشرے میں ایسے بچے بھی ہیں جنہوں نے ڈیڑھ یا دو سال سے دودھ ہی نہیں پیا، تو کسی بچے نے چھ ماہ سے انڈا نہیں کھایا، یہ بچے پانچ سے چھ سال کے ہیں، ہم پہلے مرحلے میں سو اسکولوں کے بچوں کو ناشتہ کروائیں گے اور یہ پروگرام وقت کے ساتھ وسعت اختیار کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ دوستوں سے درخواست ہے کہ اس کار خیر میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں، آئی ٹی کورس پروگرام کو حیدر آباد اور سکھر سمیت سندھ بھر میں توسیع دیں گے، پروگرام کے تحت ناشتے میں انڈا اور دودھ بھی ہوگا تاکہ بچے پڑھائی پر توجہ دے سکیں، فری بریک فاسٹ پروگرام بھی کامیاب ہوگا۔