اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے ملزم کے پیٹ سے ہیروئن بھرے 80 کیپسول برآمد کر لیے جن کا مجموعی وزن 530 گرام ہے۔
چلاس میں گھر کی چھت گرنے سے 8 کمسن بچے اور ماں جاں بحق
دوسری کارروائی میں اے این ایف نے جی ٹی روڈ جہلم کے مقام پر ایک کار سے 13 کلو گرام چرس اور 4 کلو 800 گرام افیون برآمد کی۔ 3 خواتین سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
اے این ایف نے حیدر آباد میں کارروائی کرتے ہوئے کار کے خفیہ خانوں سے 22 کلو 500 گرام چرس برآمد کر لی۔ شکار پور اور حیدر آباد کے رہائشی 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی کے علاقے بلاول چورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کے قبضے سے 5 کلو چرس بھی برآمد کی۔ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔