بغداد:عراق کے دارالحکومت بغداد کے ابن الخطیب اسپتال میں آکسیجن سیلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اُٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے متعدد وارڈز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب تک 82افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ اسپتال کرونا وبا سے متاثرہ مریضوں کے لیے مختص ہے جہاں کرونا کے سیکڑوں مریض زیرعلاج ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق آکسیجن سیلنڈر پھٹنے سے اسپتال میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں کم سے کم 82 افراد ہلاک ہوگئے۔
عراقی شہری دفاع کے ڈائریکٹر نے کہا کہ اسپتال میں 120 مریض زیرعلاج تھے جو آگ لگنے کے باعث جھلس گئے تھے، امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
بغداد کے جنوب مشرق میں واقع اسپتال میں آگ لگنے کا سبب اسپتال کے اہم مائع آکسیجن ٹینک میں ہونے والا دھماکا تھا۔
عراقی وزارت صحت کی جانب سے اسپتال میں لگنے والی آگ کے بارے میں ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔