بالی وڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کے جانی دشمن اور بھارت کے بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کو جیل میں قتل کرنے کی صورت میں پولیس اہلکار کیلئے ایک کروڑ سے زائد کا اعلان سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چھتریہ کرنی سینا نامی بھارتی تنظیم کے صدر راج شیکھاوت کی جانب سے جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے حوالے سے بڑا اعلان سامنے آیا ہے۔
ایکس ( ٹوئٹر) پر جاری ویڈیو بیان میں راج شیکھاوت نے اعلان کیا کہ جو بھی پولیس اہلکار لارنس بشنوئی کا انکاؤنٹر کرے گا اسے کرنی سینا کی جانب سے ایک کروڑ 11 لاکھ سے زائد کا انعام دیا جائے گا۔
ویڈیو بیان میں راج شیکھاوت نے کہا کہ یہ رقم اس پولیس اہلکار کی حفاظت کویقینی بنانے کیلئے دی جائے گی جو لارنس بشنوئی کا انکاؤنٹر کرے گا اس کے علاوہ کرنی سینا اس بہادر پولیس اہلکار کے اہل خانہ کی حفاظت اور مکمل انتظامات کی ذمہ داری بھی اٹھائی گی۔
کرنی سینا کے راج شیکھاوت کی لارنس بشنوئی سے دشمنی کی وجہ سلمان خان ، سدھو موسے والا یا پھر بابا صدیقی نہیں بلکہ ان کے اپنے صدر سکھدیو سنگھ گوگامیڈی کا قتل ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ برس5 دسمبر 2023 کو راشٹریہ راجپوت کرنی سینا کے اس وقت کے صدر سکھدیو سنگھ گوگامیڈی کو قتل کیا گیا تھا جس کا الزام کرنی سینا نے لارنس بشنوئی گینگ پر لگاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ لارنس بشنوئی کے ساتھیوں نے گھر میں داخل ہوکر گوگامیڈی پر گولیاں برسا ئیں جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئے۔
اس سے قبل لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک گولڈی برار نے اپنے ایک انٹرویو میں گوماگیڈی قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔