بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے 78 سالہ اداکار امیتابھ بچن نے نئے دور کے مداحوں سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے مسکراہٹ کی جگہ ایموجی بھیجنے پر ماضی کی ایک تصویر شیئر کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیتابھ بچن اپنا سنہری دور یاد کرنے میں مصروف ہیں جب وہ بالی ووڈ فلم انڈسٹری پر چھائے ہوئے تھے۔80ء کی دہائی میں صرف امیتابھ کے نام کا ہی ڈنکا بج رہا تھا اور مداح دور دور سے آکر آٹوگراف لیا کرتے تھے۔
حال ہی میں گلابو ستابو نامی فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے امیتابھ بچن نے انسٹا گرام اکاؤنٹ کے ذریعے اپنے شاندار ماضی کی ایک تصویر شیئر کی جس میں امیتابھ ایک کمسن لڑکی کو آٹو گراف دیتے نظر آئے۔
آٹو گراف لینے والی لڑکی کے چہرے پر موجود مسکراہٹ کو شکر گزاری قرار دیتے ہوئے امیتابھ بچن نے کہا کہ آج کل مداحوں سے مسکراہٹ کی جگہ ایموجی وصول ہونا شروع ہوگئی ہے، وہ بھی اسی صورت میں جب آپ خوش قسمت ہوں۔
بھارتی فلم انڈسٹری پر برسہا برس سے راج کرنے والے امیتابھ بچن نے کہا کہ وہ دن گئے جب مداح اپنا خراجِ محبت و تحسین اس بچی کی طرح پیش کیا کرتے تھے جس کے چہرے پر شکر گزاری ہے۔ یہ جذبہ ایک نظر ضرور دیکھیں۔
نئے دور کے مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر کیے جانے والے تبصروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امیتابھ بچن نے کہا کہ آج کل مسکراہٹ کی جگہ ایموجی بھیج دی جاتی ہے اور وہ بھی اسی صورت میں جب آپ خوش قسمت فنکار ہوں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل بھارت کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کو طبی مسائل کے باعث اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔بیماری کے باعث زیادہ گفتگو نہ کرسکنے پر پر مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی شہرت یافتہ اداکار امیتابھ بچن نے اپنے تازہ بلاگ میں طبیعت سے متعلق 3 ماہ قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری آنکھ کی سرجری ہوئی ہے۔ قبل ازیں میں خود کو سابق کرکٹر گیری سوبرز کی طرح محسوس کر رہا تھا۔
مزید پڑھیں: امیتابھ بچن آنکھوں کی سرجری کے بعد اسپتال سے گھر منتقل