زندگی کے ہر لمحے کو ہمت، محبت اور مثبت سوچ کے ساتھ جینے والے امریکی انفلوئنسر ٹینر مارٹن بالآخر اپنی کینسر سے طویل جنگ ہار گئے۔
تیس سالہ ٹینر کی وفات کی اطلاع اُن ہی کی ریکارڈ کردہ ایک جذباتی ویڈیو کے ذریعے دی گئی، جسے ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا گیا۔
ویڈیو میں ٹینر پرسکون لہجے میں کہتے ہیں کہ ہیلو، یہ میں ہوں، ٹینر۔ اگر آپ یہ دیکھ رہے ہیں، تو میں اب اس دنیا میں نہیں رہا۔
ٹینر مارٹن کو 2020 میں صرف 25 سال کی عمر میں آنتوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ بیماری کا پتہ چلنے کے بعد انہوں نے اپنی زندگی کی ہر حقیقت کو سوشل میڈیا پر دستاویزی انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا، جس سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹینر نے اپنی آخری سانس یوٹاہ میں واقع اپنے گھر کے بیسمنٹ اپارٹمنٹ میں لی۔ ان کے سسر، اسٹیو رائٹ نے “گڈ مارننگ امریکہ” کو بتایا کہ ٹینر نہایت خوش مزاج، نرم دل اور دوسروں کا خیال رکھنے والے انسان تھے۔
کینسر کی لڑائی کے دوران بھی ٹینر اور اُن کی اہلیہ شی مارٹن نے زندگی کی امید نہیں چھوڑی۔ حال ہی میں، 15 مئی کو، دونوں نے IVF کے ذریعے ایک بیٹی ایمی لو کو خوش آمدید کہا تھا — وہی بیٹی جسے دیکھنے کی خواہش ٹینر کو آخری وقت تک زندہ رکھے ہوئے تھی۔
اپنی الوداعی ویڈیو میں، ٹینر نے اپنے فالوورز سے محبت، نرمی اور ایک دوسرے کے ساتھ بہتر سلوک کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو کچھ بھی کرتے ہیں، وہ محبت کے ساتھ کریں۔ زندگی چھوٹی ہے لیکن محبت کی گہرائی لامحدود ہے۔