واشنگٹن: چین سے جنم لینے والا کورونا وائرس دنیا بھر کے 190 سے زائد ممالک کو متاثر کر چکا ہے جبکہ امریکا میں وائرس کے متاثرہ افراد اور اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہو گئی ہے۔
تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق امریکا میں 5 لاکھ 32 ہزار 879 افراد کے اجسام میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 20 ہزار 577 افراد ہلاک ہو گئے۔
چین میں کورونا وائرس سے 82 ہزار 52 افراد متاثر ہوئے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 339 ہے۔ وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں چین چھٹے نمبر پر آگیا ہے۔
سب سے زیادہ کورونا وائرس نے امریکا، اسپین اور اٹلی کو متاثر کیا۔ اسپین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 63 ہزار 27 ہے جبکہ 16 ہزار 606 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
اٹلی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 52 ہزار 271 ہے جبکہ وائرس کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 19 ہزار 468 ہے۔
امریکا کورونا وائرس سے متاثرہ دنیا کا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے جبکہ امریکا میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 30 ہزار 453 ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس کے 4لاکھ 81 ہزار 849 فعال کیسز موجود ہیں جبکہ 4 لاکھ 70 ہزار 378افراد کو وائرس کے باعث نزلہ، زکام کھانسی اور معمولی بخار کا سامنا ہے۔
وائرس سے امریکی ریاست نیو یارک سب سے زیادہ متاثر ہوئی جہاں 1 لاکھ 81 ہزار 144 افراد وائرس سے متاثر ہیں جبکہ 8 ہزار 627 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔