اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور تنظیمی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال، کور کمیٹی اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ اتحادیوں کو ناراض نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کور کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اراکین پارلیمان اپنے اپنے حلقوں میں عوام کو ایس او پیز کا خیال رکھنے اور حفاظتی تدابیر اپنانے کی ترغیب دیں،احساس ذمہ داری اور سماجی سطح پر سنجیدہ طرز عمل کے ذریعے وباء سے نجات کی سبیل ممکن ہے۔
کور کمیٹی اجلاس میں ملک میں کورونا کی صورتحال اور اس سے نمٹنے کے حوالے سے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اقدامات پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی۔
کورکمیٹی کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت کی کورونا کے انسداد کی حکمت عملی کی بھرپور تائید کی گئی، کور کمیٹی تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت نے کوروناء کے موثر انسداد کیلئے بروقت اور جامع اقدامات اٹھائے ہیں۔
پاکستان کے معروضی حالات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ سازی قابل تحسین ہے، کوروناء کے انسداد کی حکومتی کاوشوں کو عالمی سطح پر پذیرائی میسر آرہی ہے۔اجلاس میں کوروناکے انسداد اور وباء سے بچاؤ کیلئے رائے عامہ ہموار کرنے کی حکمت عملی پر بھی بات چیت ہوئی۔
کور کمیٹی اجلاس میں حفاظتی تدابیر کے حوالے سے عوام میں آگہی پیدا کرنے کیلئے جماعتی کاوشیں تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعظم کی جانب سے اراکین پارلیمان کو آگہی مہم میں بڑھ چڑھ کر شریک ہونے کی ہدایت کی گئی۔