میرے پاس تم ہو اور جنٹل مین سمیت متعدد ٹی وی سیریلز کے ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کو مبینہ طور پر اغوا کرنے والی خاتون آمنہ عروج کی ویڈیو سامنے آگئی ہے جن میں ڈرامہ نگار پر الزامات کی بارش کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کرنے والی خاتون آمنہ عروج نے پولیس کی حراست کے دوران ویڈیو سامنے آئی جس میں خاتون کا کہنا ہے کہ میں حسن شاہ اور خلیل الرحمٰن قمر دونوں کی طرف سے بلیک میل ہورہی تھی۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں آمنہ عروج نے کہا کہ حسن شاہ مجھے استعمال کرتا تھا اور خلیل الرحمٰن قمر نے ڈرامے میں کاسٹ کرنے کا لالچ دے کر استعمال کیا۔ نقاب میں بنائی گئی ویڈیو انٹرویو دینے کے دوران بنائی گئی۔
اس حوالے سے ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم یونٹ فیصل شریف کا کہنا ہے کہ میں خاتون آمنہ عروج کو نقاب میں نہیں پہچان سکتا۔ یہ ویڈیو میرے آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی حدود میں نیہں بنائی گئی۔ یونٹ کے ایک اہم افسر نے تصدیق کی کہ ویڈیو میں بات کرنے والی خاتون آمنہ عروج ہی ہے۔
واضح رہے کہ دورانِ حراست کسی ملزم کا بیان سوشل میڈیا پر سامنے آنا پولیس کیلئے سوالیہ نشان ہے۔ ایسے میں پولیس نے خلیل الرحمٰن قمر کے کیس کو بنیاد بناتے ہوئے اس بات کی تحقیقات شروع کردی ہیں کہ آمنہ عروج نے کس کو یہ بیان دیا اور وہ کیسے ریکارڈ ہو کر سوشل میڈیا تک پہنچا ہے۔