کراچی:سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صنعتیں اور تجارتی مراکز کھولنے سے متعلق رشوت طلبی کے الزمات بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ پر الزام تراشی من گھڑت اور جھوٹ کا پلندہ ہے۔اس قسم کی بے بنیاد آڈیو ٹیپ پھیلانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائیگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف ایف آئی اے اور دیگر اداروں سے رابطہ کرینگے۔مزید براں صنعتکار برادری خود ایسے ہتھکنڈوں کی تردید کرچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی سچائی اور نیت کو مشکوک بنانے کی کوشش کرنے والے ناکام و نامراد ہوں گے ان عناصر کا کام ہمیشہ سے صرف الزام تراشی رہا ہے۔
سندھ حکومت ایسے گھناؤنے ہتھکنڈوں سے عوامی خدمت میں کمی نہیں کریگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروپیگنڈا کرنے والے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ناکام ہوں گے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ سندھ حکومت کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کو عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔ سندھ حکومت نے اس وباکے پہلے روز سے صوبے اور عوام کے بہترین مفاد میں فیصلے کئے ہیں۔
اس نازک ترین موڑ پر لغو گوئی اور بے بنیاد الزامات سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی فرد یا انجمن کے پاس ثبوت ہیں تو پیش کرے ہم کارروائی کی یقین دہانی کراتے ہیں۔