جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ مفادات کیلئے پی ٹی آئی کو اپنا گھونسلہ بنانے والے الیکٹیبلز عمران نیازی کی اصلیت آشکار ہونے پر دھڑا دھڑ واپس جارہے ہیں جس کے باعث عمران نیازی کا ایجنڈا فلاپ ہوکر رہ گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یوآئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں 10 روزہ غیرملکی دورے سے واپسی پر جے یوآئی سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری سیکریٹری اطلاعات علامہ سمیع الحق سواتی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
اسکاٹ لینڈ کی بے درد خاتون، جنہیں کسی بھی قسم کا درد محسوس نہیں ہوتا
علامہ راشد محمود سومرو کا کہنا تھا تحریک انصاف فصلی بٹیروں کا گڑھ بن چکا تھا، ملک دشمن سرگرمیوں پر ایک آن میں عمران نیازی کے جھوٹے بیانیے پر کھڑی عمارت زمین بوس ہوچکی ہے، عمران نیازی کی ساکھ کی بحالی کیلئے مغربی گماشتے کرب میں مبتلا ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے جس بیہودہ کلچر کو پروان چڑھایا آج وہ اپنے پارٹی ممبران کیلئے شرمندگی اور ندامت کا باعث رہے ہیں، ہم نے عمران نیازی کے مکروہ ایجنڈے کا تعاقب برسوں سے جاری رکھا تھا، آج ملک کا بچہ بچہ عمران نیازی کے تخریبی عزائم سے اکتاہٹ کا اعلان کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام اعلاء کلمۃ الحق، انسانیت کی خدمت سے سرشار ہوکر ملک میں شائستہ سیاست کی علمبردار جماعت ہے، ہم نے شعائر اسلام اور شعائر دین کے تحفظ کا عہد کررکھا ہے، ان شاءاللہ وطن عزیز کے اسلامی تشخص پر کوئی آنچ آنے نہیں دیں گے۔