جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے چیف کوآرڈینیٹر پیر صدر الدین شاہ راشدی سے بدھ کی شب ان کے گھر پر ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے سندھ میں متوقع عام انتخابات کے حوالہ سے اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر تبادلہ خیال کیا۔ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سندھ میں امن امان کی مخدوش صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ سابق صوبائی حکومت نے سندھ کو مسائل کا قبرستان بنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
ترکیہ کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے، آرمی چیف
علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ کھربوں روپے کی کرپشن کی وجہ سے آج پورا سندھ بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے۔ سندھ کو متبادل قوت اور قیادت کی ضرورت ہے جس کے لئے متحد ہونا نہایت ضروری ہے۔ سندھ میں ٹرانسفر پوسٹنگ پر جی ڈی اے اور جے یو آئی کو تحفظات ہیں۔ جلد بڑی سیاسی بیٹھک میں سندھ کے مسائل کے حل کے لئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
پیر صدر الدین شاہ راشدی نے کہاکہ ایک سال میں آٹے کی مد میں اربوں روپے کی کرپشن کی وجہ سے آج غریب کو آٹا نہیں مل رہا۔ الیکشن کمیشن سندھ میں غیرجانبدار افسران کی تعیناتی کو یقینی بنائے۔
رہنمائوں نے کہا کہ سندھ کے غریب عوام کو ووٹ کے لئے ایک بار پھر قومیت کے بنیاد پر لڑانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ تعصبات کے فروغ کی سازش کو سندھ کے عوام مسترد کریں گے۔ ملاقات میں سینیٹر صفدر عباسی ، سید زین شاہ، سردار رحیم، حسنین مرزا اور عرفان اللہ خان مروت موجود تھے۔