سندھ حکومت نے خلفیہ چہارم سیدنا حضرت علیؓ کے یوم شہادت پر تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیا۔
سندھ کے تعلیمی اداروں میں یوم علیؓ پر تعطیل کا اعلان کر دیا گیا، محکمہ اسکول تعلیم کے ڈپٹی سیکرٹری اشرف حسین انصاری کے دستخط سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں 21 رمضان المبارک (22 مارچ) کو حضرت علی کے یوم شہادت پر تمام سرکاری و نجی اسکول اور کالجز بند رہیں گے۔
یومِ علیؓ کے موقع پر کراچی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جاتے ہیں تاکہ جلوس اور مجالس بحفاظت منعقد ہو سکیں۔ مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان، کھارادر پر اختتام پذیر ہوتا ہے۔
جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی جاتی ہے تاکہ امن و امان برقرار رہے۔
جلوس کے راستوں پر کنٹینرز لگا کر سڑکوں کو عام ٹریفک کے لیے بند کیا جاتا ہے تاکہ جلوس بلا تعطل گزر سکے۔