اسلام آباد: پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وزیرِ بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے نجات جمہوریت کی بقا اور سلامتی کیلئے ناگزیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی نے آصف علی زرداری کی حالیہ پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ زرداری سیاست کی بیماری کا نام ہے۔ حقیقی آزادی تحریک سے زرداری کے ڈاکو راج کو سب سے بڑا خطرہ ہے۔
عمران خان ادارے بیچنا چاہتے تھے، آصف علی زرداری
سابق وزیرِ بحری امور نے کہا کہ زرداری نے اپنا مستقبل تاریک دیکھ کر حکومت کی ڈوبتی کشتی سے چھلانگ لگانے کی تیاری کی۔ سندھ کے لوگ ڈاکو راج کا بڑا نشانہ بنے۔ پیپلز پارٹی کے بے رحم ٹولے نے سیلاب متاثرین کو سفاک سیاست کی نذر کردیا۔
صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی نے کہا کہ جس ڈاکو کی داستانوں سے عالمی میڈیا بھرا پڑا ہے، وہ سیاست پر لیکچر نہ دے۔ ملک بھر کی طرح سندھ کے لوگ بھی عمران خان کی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انتخابات میں سندھ کو زرداری راج سے نجات دلائیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری نے پیر کے روز کہا کہ عمران خان کو ملک بچانے کے لیے اقتدار سے ہٹایا گیا کیونکہ وہ تمام ریاستی اداروں کو فروخت کرنا چاہتے تھے۔
وہاڑی میں گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان وزیراعظم کے عہدے پر رہتے تو ملک کو مکمل طور پر برباد کر دیتے جبکہ سیاست امکانات کا فن ہے۔