لاہور: پاکستانی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار نے کورونا کے خطرے کے پیشِ نظر حکومت سے اپیل کی ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقعے پر سختی کی جائے تاکہ وائرس مزید نہ پھیلے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اداکار علی ظفر نے کہا کہ آج میں شہر کی مین روڈ سے گزرا جہاں ایک بکرا منڈی کے قریب سے گزرنے کا اتفاق ہوا۔ یہاں لوگوں کی بھیڑ جمع تھی جن کی تعداد سینکڑوں یا شاید ہزاروں میں ہوسکتی ہے۔
اداکار علی ظفر نے کہا کہ لوگوں کا سینکڑوں یا ہزاروں کا یہ ہجوم ایس او پیز کی پابندی یا ماسک لگائے بغیر بکرا منڈی میں موجود تھا۔ میری حکومت سے درخواست ہے کہ ایک سخت طریقہ کار ترتیب دے تاکہ عیدالاضحیٰ کے موقعے پر عیدالفطر کی تاریخ نہ دہرائی جائے اور وائرس کی روک تھام کی جاسکے۔
Crossed a Bakra Mandi on a main road with people gathered in hundreds, may be thousands, without any masks or SOPs. Would urge the authorities to make a strict modus operandi for Eid to avoid what happened after last Eid. #CovEid
— Ali Zafar (@AliZafarsays) July 27, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل معروف اداکار علی ظفر نے وفاقی اور صوبائی وزرائے تعلیم کی جانب سے ستمبر میں سخت ضابطہ اخلاق کے ساتھ اسکول کھولنے کے فیصلے کو درست قرار دیا اور سراہا۔
رواں ماہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کی کانفرنس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سخت ایس او پیز کے ساتھ ستمبر کے پہلے ہفتے میں اسکول کھولنے اور امتحانات لینے کی اجازت دی جائے۔
مزید پڑھیں: ایس او پیز کے تحت اسکول کھولنے کا فیصلہ درست ہے،علی ظفر