لاہور: عدالت نے علی ظفر اور میشا شفیع کے جنسی ہراسانی کیس میں معروف ماڈل عفت عمر کے بیان کو ریکارڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میشا شفیع کے خلاف ہتکِ عزت کے دعوے کی سیشن عدالت لاہور میں سماعت ہوئی۔ علی ظفر کے وکیل نے میشا شفیع کی گواہ عفت عمر سے سوال کیا کہ کیا آپ یوسف رضا گیلانی کو جانتی ہیں؟ عفت عمر نے جواب دیا کہ یوسف رضا گیلانی سابق وزیرِ اعظم ہیں۔
میشا شفیع پر جرح کرتے ہوئے وکیل نے سوال کیا کہ کیا آپ رحمان ملک کو جانتی ہیں؟ عفت عمر نے جواب دیا کہ وہ سابق وزیرِ داخلہ اور پی پی پی رہنما ہیں۔ وکیل نے پوچھا کیا آپ سنتھیا رچی اور رحمان ملک کیس کے بارے میں جانتی ہیں؟
ماڈل عفت عمر نے کہا کہ میں نے سنا تھا رحمان ملک پر سنتھیا رچی نے جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا۔ کمرۂ عدالت میں سنتھیا رچی سے متعلق عفت عمر کے بیان کی ویڈیو چلائی گئی۔ عدالت نے عفت عمر کے بیان کو ریکارڈ کا حصہ بنا دیا۔
عفت عمر نے کہا کہ میں کہہ چکی ہوں سنتھیا رچی نے پی پی پی کو بدنام کرنے کیلئے الزامات عائد کیے۔ میں نے سنتھیا رچی کا الزام سیاسی اسٹنٹ ہونے کا بیان دیا تھا۔ اس نے یوسف رضا گیلانی اور رحمان ملک پر جھوٹا الزام لگایا۔
انہوں نے کہا کہ میں طالبات کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تفصیل نہیں جانتی۔ علی ظفر کے وکیل نے سوال کیا کہ کیا آپ نے عمیر رانا کی حمایت کی تھی؟ عفت عمر نے کہا کہ میں عمیررانا کو اداکار کی حیثیت سے جانتی ہوں۔
اداکار علی ظفر کے وکیل نے کہا کہ آپ غلط بیانی کر رہی ہیں، آپ نے فیس بک پر عمیر رانا کو سپورٹ کیا تھا۔ اداکارہ عفت عمر پر جرح کے دوران علی ظفر کے وکیل نے سوالات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔