کوئٹہ: صوبائی حکومت اور اپوزیشن کے مابین نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان کیلئے علی مردان ڈومکی کے نام پر اتفاقِ رائے ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور اپوزیشن لیڈر ملک سکندر کے درمیان حالیہ ملاقاتوں کے دوران علی مردان ڈومکی کا نام سامنے آیا جس پر دونوں رہنماؤں نے مبینہ طور پر اتفاق کیا ہے۔
نگران وزیر اعظم مولانا فضل الرحمن کے گھر پہنچ گئے
تاہم وزیر اعلیٰ بلوچستان یا صوبائی حکومت کے کسی ذمہ دار عہدیدارنے تاحال علی مردان ڈومکی کے نام کی تصدیق نہیں کی۔ عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے علی مردان ڈومکی کے نام پر دستخط کیے جانے کے بعد صورتحال واضح ہوگی۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور اپوزیشن لیڈر ملک سکندر کے مابین تاحال دیگر ناموں پر بھی مشاورت کا عمل جاری ہے۔ دونوں رہنماؤں کے دستخط سے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے نام کا فیصلہ سامنے آئے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ میں نگراں وزیر اعلیٰ کے نام کا فیصلہ ہوچکا ہے جبکہ وفاق میں نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد باضابطہ طور پر ذمہ داریاں بھی سنبھال لی ہیں۔
آئینی اعتبار سے مرکز اور صوبائی سطح پر نگراں حکومتوں کے قیام کا مقصد صاف و شفاف عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔