کراچی: شہر قائد میں کورونا وائرس کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد حکومت نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے اور شہر میں لاک ڈاؤن سمیت سخت پابندیوں کا امکان ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں 4469 نمونوں کی جانچ کی گئی جن میں سے 805 میں کورونا مثبت آیا جس کے بعد مثبت کیسز کا تناسب 18 فیصد تک پہنچ گیا۔
کراچی میں کورونا کیسز کی شرح میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد وزیرصحت عذرا فضل پیچوہو کی سربراہی میں سندھ کی وزارت صحت نے کورونا ٹاسک فورس کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔
اجلاس آج دوپہر کو محکمہ صحت کے دفتر میں ہوگا، جہاں کیسز کو کم کرنے کے لیے درکار اقدامات کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون ویرینٹ پھیلنے کے بعد ملک میں وباء نے مزید 1467 افراد کو متاثر کیاجبکہ دو افراد کی جان لے لی۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں کورونا متاثرین میں مزید اضافہ، 1467 نئے کیسز،2 اموات