مسلسل 3 فلاپ فلمز کے بعد بھارتی اداکار اکشے کمار کی او ایم جی 2 طویل عرصے بعد شاندار بزنس کرتے ہوئے 100 کروڑ کے کلب میں داخل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی فلم سیلفی، رکھشا بندھن اور سمراٹ پرتھوی راج عوام میں زیادہ مقبولیت حاصل نہ کر سکیں اور فلاپ فلمز ثابت ہوئیں، تاہم غدر 2 سے سخت مقابلے کے باوجود اکشے کمار کی فلم او ایم جی 2 ہٹ ہوگئی ہے۔
اکشے کمار نے ایوارڈ شو میں چیخ کر بات کی، اچھا نہیں لگا۔منیش پال
فلم نے باکس آفس پر اپنی ریلیز کے 9ویں روز 100 کروڑ کا ہندسہ عبور کر لیا۔ ہفتے کے روز او ایم جی 2 نے ساڑھے 10کروڑ کا بزنس کیا جس سے فلم کا مجموعی بزنس 101 اعشاریہ 58 کروڑ تک جا پہنچا۔ فلم نے ہندی سینما پر 45اعشاریہ 94فیصد قبضہ کر لیا۔
بھارت میں زیادہ تر ناظرین نے رات کے وقت او ایم جی 2 دیکھی اور اس میں اکشے کمار کی اداکاری کو پسند کیا ہے تاہم غدر 2 نے بھارت میں اب تک 350کروڑ جبکہ عالمی سطح پر 400 کروڑ کا بزنس کر لیا ہے۔ رجنی کانت کی جیلر عالمی سطح پر 500کروڑ کا ہندسہ عبور کرگئی۔
اکشے کمار کی او ایم جی 2 دراصل 2012 کی فلم اوہ مائی گاڈ کا سیکوئل ہے جس میں پریش راول نے وکیل کا کردار ادا کیا تھا اور اکشے کمار اس میں ان کی مدد کرتے نظر آئے۔ او ایم جی 2 میں وکیل کا کردار یامی گوتم کے سپرد کردیا گیا ہے۔
سینسر بورڈ (سی بی ایف سی) نے او ایم جی 2 کو اے سرٹیفائیڈ قرار دیتے ہوئے صرف بالغ افراد کے دیکھنے کے قابل قرار دیا ہے جس کی وجہ سے اکشے کمار کی یہ فلم زیادہ بزنس کرنے یا پھر غدر 2 جیسی فلموں کا زیادہ مقابلہ کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔