مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے اپنا استعفیٰ صدر آزاد جموں و کشمیر کو بھجوا دیا ہے۔ یہ فیصلہ قیوم نیازی کی پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد سامنے آیا۔
گزشتہ روز وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد دائر کرنے پر اپنی کابینہ کے پانچ ارکان کو برطرف کر دیا تھا۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کو برطرف کیا گیا ہے ان میں تنویر الیاس، عبدالمجید خان، علی شان، خواجہ فاروق اور چوہدری محمد اکبر شامل ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ انہیں بدعنوانی اور مشکوک سرگرمیوں پر آزاد جموں و کشمیر کی کابینہ سے برطرف کیا گیا ہے۔
ایک روز قبل آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم عبدالقیوم نیازی نے سابق وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ملاقات کی تھی۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل پی ٹی آئی کی جانب سے اپنے ہی وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے آج پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے شکوہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بڑی سازش ہے، آپ کو جو بتایا گیا وہ درست نہیں ہے، اپنے خلاف سازش کو ثابت کروں گا۔
مزید پڑھیں: نانا اور والدہ کے قتل کے بعد مجھے کم عمری میں سیاست میں آنا پڑا، بلاول بھٹو