سابق مس ورلڈ ایشوریا رائے بچن بیٹی ارادھیا بچن کے ہمراہ نیو یارک سے واپس آگئی ہیں، جس کی ویڈیو پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایشوریا رائے اپنی بیٹی ارادھیا بچن کے ہمراہ نیو یارک سے ممبئی پہنچ گئیں۔ جمعرات کی صبح نیو یارک میں چھٹیاں منانے کے بعد ایشوریا رائے کی بھارت واپسی پر ابھیشیک بچن سے علیحدگی کی افواہوں کو ہوا دینے والے بھارتی میڈیا کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی۔
ائیرپورٹ پر چلتی ہوئی ایشوریا رائے کی بیٹی کے ہمراہ گاڑی تک جانے کی ویڈیو پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مختلف تبصرے کیے ہیں۔بعض مداحوں کا ماننا ہے کہ پچاس سالہ ایشوریا رائے بچن 12 سالہ بیٹی کی والدہ سے زیادہ بہن نظر آتی ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشوریا رائے نے اپنی بیٹی ارادھیا کو میڈیا سے بچانے کیلئے اپنے قریب کر رکھا تھا، جب تک کہ وہ کار میں بیٹھ نہیں گئیں۔ آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی ستاروں سے بھرپور شادی کے بعد ایشوریا رائے اور ارادھیا چھٹیاں منانے کیلئے نیویارک میں تھے۔
اس دوران ایشوریا رائے بچن نے ایک خاتون مداح سے ملاقات کی تھی جس نے ایشوریا کے ہمراہ اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں اور اداکارہ کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے تھے۔ خاتون مداح کا کہنا تھا کہ ایشوریا رائے ہمیشہ مجھ پر بہت مہربان ہوتی ہیں اور میری زندگی پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہیں۔