پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ کے ہونے والے شریکِ حیات شہباز شگری کی سابقہ بیوی عائشہ لینیا نے رواں برس خاموشی سے دوسری شادی کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عائشہ نے اداکار و فلم ساز شہباز شگری سے علیحدگی کے بعد دوسری شادی کا فیصلہ کیا تھا۔ شہباز شگری اور عائشہ نے شادی کے تقریباً 10 برس بعد ایک دوسرے سے راہیں جدا کرلیں۔
قبل ازیں جون 2018ء میں عائشہ سے علیحدگی کے بعد شہباز شگری نے آئمہ بیگ سے منگنی کا فیصلہ کیا۔ حال ہی میں معروف ماڈل عائشہ نے اپنے مداحوں کو ایک انسٹا گرام پوسٹ کے ذریعے اپنی دوسری شادی کی اطلاع دی۔
انسٹا گرام پوسٹ میں گزشتہ روز عائشہ نے اپنی شادی کی شاندار تقریب کی کچھ تصاویر شیئر کیں اور ایک تفصیلی بیان بھی جاری کیا۔ عائشہ لینیا کا کہنا ہے کہ میری شادی کی تقریب میرے والدین کے گھر منعقد ہوئی۔
ماڈل عائشہ کے مطابق رشتہ داروں اور دوستوں کو وقت، پیسے اور ذہنی دباؤ سے بچانے کیلئے شادی کی مختصر تقریب رکھی گئی۔ دلہن نے اپنی شادی کیلئے اپنا میک اپ خود کیا تاکہ کسی بھی قسم کی بدمزگی سے بچا جاسکے۔
عائشہ نے کہا کہ شادی کا دن میرے لیے ایک خوشی کا دن تھا جو میں نے اپنے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ گزارا اور صرف 2 قریبی دوستوں نے اسے یادگار بنا دیا۔ میرے شریکِ حیات شگفتہ، معاون اور قابلِ تعریف مزاج کے مالک ہیں جو انسٹاگرام پر دستیاب نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میشا شفیع کی اپنے بچوں کو اُردو زبان میں گفتگو کیلئے حیرت انگیز پیشکش