کراچی: وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیرِ قیادت سندھ حکومت نے مشہورومعروف مزاحیہ اداکار عمر شریف کی علاج کی غرض سے امریکا روانگی کو ممکن بنانے کیلئے ائیر ایمبولینس کا انتظام کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمر شریف کی طبیعت انتہائی ناساز ہے۔ سندھ حکومت نے عمر شریف کو امریکا لیجانے کیلئے ائیر ایمبولینس کا انتظام کردیا۔عمر شریف کی اہلیہ نے ائیر ایمبولینس کے انتظام کی تصدیق کردی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سندھ حکومت کی جانب سے ائیر ایمبولینس کے انتظام کی یقین دہانی کرادی ہے۔ عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر شریف کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت ویزے کے حصول میں تعاون کرے گی۔
ائیر ایمبولینس میں مشہورومعروف کامیڈین عمر شریف کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی لے جایا جائے گا۔ عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر شریف نے والد کی صحتیابی کیلئے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
جواد عمر شریف نے ملک کے معروف اداکار عمر شریف کی صحتیابی کیلئے دعائیں کرنے والے مداحوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور علاج کیلئے اقدامات کرنے والی وفاقی و صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
خیال رہے کہ ڈرامہ ، فلم اور تھیٹر کے عظیم مزاحیہ اداکار عمر شریف ان دنوں شدید علیل ہیں اور چند روز قبل انہوں نے حکومت سے اپنا امریکہ میں علاج کرانے کی اپیل کی۔ سندھ حکومت نے انہیں امریکہ بھجوانے کا بیڑا اٹھا لیا۔
عمر شریف کی اہلیہ کے مطابق اس حوالے سے تیاریاں کی جا رہی ہیں جن کی نگرانی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کر رہے ہیں۔ امریکہ میں عمر شریف کا علاج اداکارہ ریما کے شوہر ڈاکٹر سید طارق شہاب کریں گے۔
مزید پڑھیں: عظیم اداکار عمر شریف کا امریکا میں علاج ڈاکٹر طارق شہاب کریں گے