پاکستانی کی معروف اداکارہ عینی جعفری نے سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بننے کے بعد ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کاسمیٹک سرجری کی تردید کردی۔
حال ہی میں عینی جعفری کو لندن میں منعقدہ ہالی ووڈ فلم ’باربی‘ کے پریمئر میں گلابی رنگ کے لباس میں دیکھا گیا، جس کی تصاویر انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیں اور بعدازاں انہوں نے ومبلڈن ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں شرکت کرتے ہوئے تصاویر شیئر کیں۔
اداکارہ کی تصاویر کے کمنٹس سیکشن میں صارفین نے انھیں کاسمیٹک سرجری کروانے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہوں نے کاسمیٹک سرجری کروا کر اپنی آنکھوں اور چہرے کو بگاڑ لیا ہے۔
صارفین کی جانب سے اس طرح کے منفی تبصروں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اداکارہ نے کاسمیٹک سرجری کروانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اسے عمر کا بڑھنا (aging) کہتے ہیں، میرے چہرے پر جھریاں اور لکیریں ہیں اور مجھے ان کی پروا نہیں لیکن آپ کے سوال کہ میں نے اپنے چہرے پر کیا کروایا ہے، کا یہ ہی جواب ہے کہ بھنوؤں پر مائیکرو بلیڈنگ کے علاوہ کچھ بھی نہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اگر مجھے مستقبل میں اپنے چہرے پر کسی قسم کے ٹریٹمنٹ کی ضرورت محسوس ہوئی تو میں ضرور کرواؤں گی، میرا چہرہ، میرا مسئلہ ہے لیکن چونکہ آپ سب لوگ بہت زیادہ تجسس کا شکار تھے۔ ہر کوئی بوڑھا ہوتا ہے اور ان کے چہرے کے خدوخال بدل جاتے ہیں، یہ کس طرح کے مضحکہ خیز سوالات ہیں۔
عینی جعفری نے اس تبصرے کے اسکرین شاٹ کے ساتھ انسٹا اسٹوری بھی شیئر کی اور لکھا کہ میرے زیادہ تر فالوورز بہت اچھے ہیں لیکن کچھ مداحوں کے سوالات بہت فضول اور افسردہ کر دینے والے ہیں، افسوس کی بات ہے کہ یہ لوگ کچھ لکھنے سے پہلے سوچتے نہیں ہیں۔
اداکارہ نے مزید انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں سوشل میڈیا پر اسی لئے عام طور سے پوسٹ نہیں کرتی کیونکہ میں ٹرولنگ برداشت نہیں کرسکتی۔
انہوں نے ہاتھوں اور پیروں کی رنگت کے حوالے سے تبصروہ پر کہا کہ آپ میں سے کئی لوگوں نے میری ٹانگوں اور بازؤں کی سیاہ رنگت کے حوالے سے سوالات کئے، دراصل یہ رنگت کھیل کھیلنے کی وجہ سے ایسی ہے، کھیلنے کے دوران میرے بازؤں اور ٹانگوں پر کئی زخم آئے جن کے نشانات کی وجہ سے میرے بازؤ اور ٹانگوں کی رنگت مستقل طور پر تبدیل ہوگئی، شاید یہ لیزر ٹریٹمنٹ سے ٹھیک ہوجائیں لیکن مجھے اس کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی اگر آُ کو ان سے مسئلہ ہے تو یہ آپ کامسئلہ ہے۔
اداکارہ کی جانب سے شدید برہمی کے بعد سوشل میڈیا صارف نے اداکارہ سے ہتک آمیز سوالات پر معافی مانگ لی اور اداکارہ نے بھی صارف کو معاف کرتے ہوئے معاملہ رفع دفع کر دیا۔