پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ اپنے نئے گانے ’فنکاری‘ کی ریلیز کے ساتھ نئے تنازعے میں پھنس گئیں۔
آئمہ بیگ کا گانا ریلیز ہوتے ہی شائقین کی طرف سے بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے ، جہاں شائقین گانے کو پسند کررہے ہیں وہیں گانے کو لکھنے کے حوالے سے معروف گلوکار شیراز اپل اور آئمہ بیگ کے درمیان تنازع بھی چل رہا ہے۔
گزشتہ دنوں آئمہ بیگ نے انٹرویو میں کہا تھا کہ انہیں یہ گانا لکھنے میں تین برس کا عرصہ لگا جس میں اُن کی مرحوم گلوکار شکیل سہیل نے مدد کی تھی اور وہ اپنے کیریئر کا پہلا سولو ٹریک ریلیز کرنے پر خوف کا شکار تھیں۔
آئمہ بیگ کے اس دعوے کے بعد پاکستانی گلوکار شیراز اپل نے آئمہ بیگ کے بیان کو غلط قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھاکہ ’فنکاری‘ مکمل طور انہوں نے خود تحریر کیا تھا۔
شیراز اپل کے مطابق ان کا نام یونیورسل میوزک انڈیا اور گلوکارہ کے یوٹیوب کریڈٹس میں بھی موجود ہے لیکن آئمہ بیگ ان کو کریڈٹ دینا بھول گئی ہیں۔
حال ہی میں گلوکارہ آئمہ بیگ کا شیراز اپل کے بیان پر ردعمل سامنے آیا ہے، انہوں نے اپنی انسٹااسٹوری میں کہا کہ میں نے کبھی ایسا نہیں کہا کہ شیراز اپل کا اس گانے سے کوئی تعلق نہیں ہے ، وہ اس گانے کے موسیقار اور پروڈیوسر ہیں جس کا کریڈٹ میں پہلے ہی ذکر ہوچکا ہے، براہ مہربانی غلط حقائق کو پیش کرنے سے گریز کریں۔
آئمہ بیگ نے یہ بھی کہا کہ میں ہمیشہ سے شیراز اپل کی بہت زیادہ عزت کرتی ہوں ، وہ ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔